سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھاری فنڈز درکار ہیں، وفاق اور پنجاب حکومت کو پالیسی پر نظرثانی کرنا ہوگی
حکومتوں کے پاس فنڈز موجود ہیں تو انہیں ڈیموں کی تعمیر اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر استعمال کیا جانا چاہیے
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش شدید معاشی مشکلات اور حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں، بیوروکریسی اور سیاست دانوں کو اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل متاثرینِ سیلاب کی بحالی پر خرچ کیے جا سکیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بدترین تباہی مچا رکھی ہے جس کی بحالی کے لیے حکومت کو بھاری فنڈز درکار ہیں۔ تاہم حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں جتنے متاثرین کی فوری بحالی کے لیے درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرحکومتوں کے پاس فنڈز موجود ہیں تو انہیں ڈیموں کی تعمیر اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر استعمال کیا جانا چاہیے، مگر حقیقت یہ ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے بڑے منصوبے رکے ہوئے ہیں۔