دورانِ ڈیوٹی ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کی تو سخت کارروائی کی جائے گی : انتباہ جاری
لاہور (آن لائن) پاکستان ریلوے نے ٹرین ڈرائیورز، ڈپٹی ڈرائیورز اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کے لیے دوران ڈیوٹی ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، لوکو موٹو کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیو یا ریکارڈنگ کرنا سختی سے منع ہے۔ دورانِ ڈیوٹی ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر یا اپ لوڈ کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جو بھی ملازم ان ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ریلوے حکام کے مطابق یہ اقدام سکیورٹی اور ڈسپلن برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ دورانِ سفر عملہ اپنی ذمہ داریوں پر مکمل توجہ دے سکے اور کسی قسم کی غفلت یا خطرناک صورتحال پیدا نہ ہو۔