ہتھیار کیوں مانگا اور انہیں کیوں دیا گیا؟ زیر حراست افراد سے تفتیش جاری
ڈینگی پازیٹو پر ڈی آئی جی نے عدیل اکبر کی طبی بنیادوں پر چھٹی منظور کر لی تھی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد پولیس میں تعینات ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی سے قبل کی جانے والی گفتگو پر ان کے ساتھ گاڑی میں موجود آپریٹر کا بیان سامنے آگیا۔ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کی موت کے وقت گاڑی میں موجود آپریٹر اور ڈرائیور زیر حراست ہیں، دونوں سے واقعے کے دوران گاڑی میں ہونے والی بات چیت سے متعلق تفتیش جاری ہے۔پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ ایس پی عدیل اکبر نے ہتھیار کیوں مانگا اور انہیں کیوں دیا گیا؟ زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے، ایس پی عدیل اکبر کو موبائل پر آنے والی کالز کی تفتیش بھی جاری ہے۔گاڑی میں موجود آپریٹر نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ایس پی عدیل اپنی پروموشن سے متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن ملنے جا رہے تھے، ایس پی عدیل اکبر کو ایک کال 4 بج کر23 منٹ پر آئی، عدیل اکبر نے ڈرائیور کو دفتر خارجہ جانے کا کہا، عدیل اکبر کاغذات کی تصدیق کے لیے دفتر خارجہ گئے،کچھ دیر بعد واپس آ گئے۔عدیل اکبر کو ایک اور کال آئی جس کے بعد نجی ہوٹل کے سامنے عدیل اکبر نے مجھ سیگن مانگ لی، میں نے میگزین نکال کر گن ایس پی عدیل اکبر کو دے دی، عدیل اکبر نے سکیورٹی چیکنگ کے دوران پوچھا یہ گن چلتی بھی ہے کہ نہیں، عدیل اکبر نیکہا لاؤ میگزین مجھے دو، اس میں کتنی گولیاں ہیں۔پولیس آپریٹر نے بتایا میں نے میگزین عدیل اکبر کے حوالے کیا اور کہا اس میں 50 گولیاں ہیں، عدیل اکبر اپنی سرکاری گاڑی ڈبل کیبن کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے، میں اور ڈرائیور گاڑی کی اگلی نشست پر موجود تھے، عدیل اکبر نے میگزین لیکر گن میں لوڈ کیا، چند لمحوں بعد اچانک فائر کی آواز آئی۔ عدیل اکبر کے ماتھے پر فائر لگا جو سر کے پچھلے حصے سے باہر نکل گیا، عدیل اکبر کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔آپریٹر نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دی کہ ایس پی صاحب سے فائر ہو گیا ہے، ڈرائیور نے گاڑی فوری پمز کی طرف روانہ کر دی۔ادھر عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کا ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے 20 اکتوبر کو پولی کلینک سے چیک اپ کرایا تھا، ڈینگی پازیٹو آنے کے بعد ایس پی عدیل اکبر نے 3 روز کی چھٹی کی درخواست دی تھی، ڈی آئی جی اسلام آباد نے عدیل اکبر کی طبی بنیادوں پر چھٹی منظور کر لی تھی۔