پاکستان اور دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے

پاکستان اور دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: پاکستان اور دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے، جو 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کے یادگار دن کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

یہ دن کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج کے لیے مختص ہے۔اس موقع پر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور ملک کے تمام صوبوں میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی عوام بھارتی تسلط کے خلاف احتجاجی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔ کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔وزارتِ امورِ کشمیر کے زیرِ اہتمام، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ اطلاعات کے اشتراک سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جو دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک جائے گی۔ اس ریلی میں “کشمیر بنے گا پاکستان” کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سڑکوں، چوراہوں اور سرکاری عمارتوں پر یومِ سیاہ کے پوسٹرز اور فلیکسز نصب کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز نے یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ باب ہے، جس میں بھارتی غاصبانہ قبضہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ اقوامِ عالم کا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا، اور بھارتی قیادت بنیان مرصوص کی شرمندگی کے سبب وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیری اور پاکستانی لازم و ملزوم ہیں، اور پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ان کا یقین ہے کہ لاکھوں کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا، اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔