کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان

کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان

اسلام آباد میں وزیراعظم نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، پورے ملک میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔پس منظر کے مطابق، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا، جس کے بعد مہاراجہ ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ الحاق کا معاہدہ کیا، جسے کشمیری عوام نے تسلیم نہیں کیا۔ اس روز بھارتی فوج نے سری نگر ایئرپورٹ پر اتر کر وادی پر قبضہ کیا، جسے پاکستان اور کشمیری عوام نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔پاکستان ہر سال 27 اکتوبر کو ’’یومِ سیاہ‘‘ مناتا ہے تاکہ دنیا کو یاد دلایا جا سکے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لیے طاقت کا استعمال کیا ہے۔ اس دن ملک بھر میں جلسے، سیمینارز، ریلیاں اور اظہارِ یکجہتی کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔