ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، قومی یکجہتی اور استحکامِ پاکستان پر تفصیلی گفتگو
لاہور (سٹی رپورٹر) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال، قومی یکجہتی کے فروغ، استحکامِ پاکستان، بین المسالک ہم آہنگی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رابطہ سیکرٹری ملک سلمان منگلا بھی موجود تھے۔ملاقات میں پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے، عالمی و علاقائی امن اور حکومت کی سفارتی کوششوں سے پاکستان کے عالمی وقار کی بحالی کے موضوعات پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ جماعت حکومت کی اتحادی ہے اور حکومت اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مذہبی طبقات کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی کے جذبے سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنا چاہتی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی سفارتی حکمتِ عملی کے نتیجے میں پاکستان کا عالمی تشخص بحال ہو رہا ہیاور دنیا میں پاکستان کے مثبت اور ذمہ دار امیج کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے اس موقع پر سابق امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر مرحوم کی دینی خدمات، اتحادِ امت کے فروغ اورسیاست میں ان کے مثبت کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر مرحوم کی اعتدال پسند سوچ اور قومی مفاہمت کا جذبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو مرکزی جمعیت اہلحدیث کی دینی، تعلیمی، تنظیمی اور رفاہی خدمات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہمیشہ ملک میں امن، استحکام اور رواداری کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عقیدت، اعتماد اور اخوت پر مبنی ہیں اور حکومت کی جانب سے دفاعی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کی کوششیں لائقِ تحسین ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دینی قیادت اور حکومت کے باہمی تعاون سے ہی پاکستان کو داخلی و خارجی چیلنجز سے نکال کر امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔آخر میں امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے ملک و قوم کی ترقی، وزیراعظم کی کامیابی اور پاکستان و سعودی عرب کے تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے خصوصی دعا کی۔