تاریخی لمحہ: پاکستانی خلا باز کی خلائی پرواز پر عوام و طلبہ میں جوش

تاریخی لمحہ: پاکستانی خلا باز کی خلائی پرواز پر عوام و طلبہ میں جوش

اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر ملک بھر میں خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

 چینی خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے پاکستانی خلا باز کی خلائی روانگی کو عوام اور طلبہ نے پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز اور تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ سپارکو اور چین کے باہمی تعاون سے پاکستانی خلا باز کی خلائی روانگی ایک قابلِ فخر سنگِ میل ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ شہریوں کے مطابق اس کامیابی نے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ سبز ہلالی پرچم کی عزت اور وقار میں بھی اضافہ کیا ہے۔دوسری جانب طلبہ نے بھی محمد ذیشان علی کے خلائی مشن پر روانہ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک بڑی مثال قرار دیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اس بات کا پیغام ہے کہ محنت، عزم اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے بڑے سے بڑا خواب بھی حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔طلبہ کے مطابق محمد ذیشان علی نے اپنا خواب پورا کرکے آنے والی نسلوں کے لیے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کا خلائی سفر نوجوانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے محنت کرنے کا حوصلہ دے گا۔