کرسٹینا کوچ نے خلا میں تاریخ رقم کر دی؛ زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک جانے والی پہلی خاتون خلا باز بن گئیں

کرسٹینا کوچ نے خلا میں تاریخ رقم کر دی؛ زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک جانے والی پہلی خاتون خلا باز بن گئیں

امریکی خلائی ادارے ناسا کے تاریخی مشن آرٹیمس II میں خاتون خلا باز کرسٹینا کوچ نے زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک جانے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ مشن ناسا کا پہلا انسانی چاند مشن ہے، جس میں چار خلا بازوں کو چاند کے گرد بھیجا گیا۔ مشن کا دورانیہ 10 دن ہے اور اس کا مقصد لائف سپورٹ سسٹمز، نیویگیشن اور ڈیپ اسپیس آپریشنز کا جائزہ لے کر چاند پر انسانی موجودگی کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔کرسٹینا کوچ اس مشن کی واحد خاتون خلا باز ہیں۔ انہوں نے چار لاکھ کلومیٹر سے زائد فاصلے کا سفر کر کے ریکارڈ قائم کیا۔ وہ بطور مشن اسپیشلسٹ شامل تھیں، اور خلائی جہاز کا نام انٹیگریٹی رکھا گیا۔

47 سالہ کرسٹینا کوچ 2013ء میں ناسا سے بطور خلا باز وابستہ ہوئیں۔2019ء میں انہوں نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (ISS) پر 328 دن گزار کر کسی بھی خاتون کی طویل ترین خلائی پرواز کا ریکارڈ بنایا۔مشن کے دوران خلائی جہاز کے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی، جس سے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کرسٹینا نے اپنی انجینئرنگ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلے کو حل کیا اور صورتحال کو سنبھالا، جس پر انہوں نے خود کو مزاحیہ انداز میں “اسپیس پلمبر” بھی کہا۔

آرٹیمس II مشن کو مستقبل میں چاند پر انسانی قیام کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، اور کرسٹینا کوچ کی کامیابی خواتین کے خلائی سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔