پیرس: فرانس میں 2027 کے سوشل سیکیورٹی بجٹ پر قانون سازوں کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث بجٹ بل دوبارہ قومی اسمبلی میں غور کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے 14 رکنی مشترکہ کمیشن کے ارکان مذاکرات کے دوران کسی متفقہ فیصلے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم سباسٹین لیکورنو نے بجٹ بل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارلیمانی جماعتوں کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے مزید مشاورت کی جائے گی۔بجٹ بل پر قومی اسمبلی میں دوبارہ بحث 7 دسمبر سے شروع ہوگی، جس کے بعد اسے سینیٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ دونوں ایوانوں کے درمیان بجٹ کی مختلف شقوں پر اختلافات برقرار ہیں، جس کے باعث قانون سازی کا عمل تعطل کا شکار ہے۔
فرانس کے 2027 کے سوشل سیکیورٹی بجٹ پر اختلافات کی ایک بڑی وجہ 2023 میں متعارف کرائی گئی پنشن اصلاحات کی معطلی ہے۔ سینیٹ چاہتی ہے کہ یہ اصلاحات 2027 سے دوبارہ نافذ کی جائیں، تاہم قومی اسمبلی کے متعدد ارکان اس تجویز کے مخالف ہیں۔فرانسیسی حکومت نے سوشل سیکیورٹی کے مالی خسارے میں کمی کو بجٹ کا اہم ہدف قرار دیا ہے۔ حکومتی منصوبے کے مطابق 2026 میں متوقع 21.8 ارب یورو کے خسارے کو کم کرکے 2027 میں 12.7 ارب یورو تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے صحت کے شعبے کے اخراجات میں بچت، پنشن ادائیگیوں میں تبدیلیوں اور دیگر مالیاتی اقدامات کی تجاویز بھی بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔