ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اپنے کرداروں کے لیے انتھک محنت اور تیاری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں اور فلم پدماوت میں علاالدین خلجی کے کردار کو انہوں نے جس شدت سے نبھایا وہ آج بھی زیرِ بحث رہتا ہے۔ حال ہی میں ان کے ساتھی اداکار رضا مراد نے 2018 کی اس فلم کی شوٹنگ کا ایک حیران کن واقعہ سنایا، جس میں ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے کہنے پر انہیں رنویر سنگھ کو 24 مرتبہ اصلی تھپڑ مارنا پڑا۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار رضا مراد نے تصدیق کی کہ یہ تمام 24 تھپڑ اصلی تھے کیونکہ سنجے لیلا بھنسالی سین میں مکمل اثر اور گونج پیدا کرنے کے لیے بہترین شاٹ چاہتے تھے۔رضا مراد کے مطابق سنجے بار بار کہتے رہے کہ رضا آپ ماریے، ایک اور ماریے، جس کے آخر تک رنویر سنگھ کا گال سوج گیا اور وہ محض اپنے عزم اور ارادے کی طاقت سے کھڑے تھے۔سینئر اداکار نے رنویر سنگھ کے رویے اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی منکسر المزاج اور تعاون کرنے والے فنکار ہیں۔