امتیاز عالم
حسین نقی کو انسانی حقوق کی جدوجہد کا مرد آہن کہنا ہی مناسب ہوگا۔ جو بات کہنی ہوتی ڈنکے کی چوٹ کہ دیتے، بھلے آپ انکے کتنے ہی عزیز یا کتنی ہی طاقتور مسند پہ براجمان ہوں۔ اپنے ترقی پسند آدرشوں، جمہوری اصولوں، آزاد روش، بیباکی اور دیانتداری پر انہوں نے کبھی سمجھوتہ نہ کیا۔ انکی ناقدانہ رائے سے کوء بھی مبرا نہیں تھا۔
ہر ?مریت کے خلاف کھڑے ہوئے، یہاں تک کہ اپنے دوست زوالفقار علی بھٹو صاحب کو بھی نہ بخشا۔ میں جب پنجاب یونیورسٹی میں پڑھتا تھا تو پولیٹیکل سائینس سوسائٹی کے افتتاحی اجلا س میں صدر مملکت زوالفقار علی بھٹو صاحب مہمان خصوص تھے۔ حسین نقی کھڑے ہوئے اور سوال کا تیر چلایا ہی تھا کہ ایک ایس پی ان کی جانب بڑھا تو بھٹو صاحب نے مداخلت کی کہ نہیں اسے بولنے دو نقی میرا دوست ہے۔
وہ کراچی یونیورسٹی کی طلبا یونین کے صدر ہوتے ہوئے بلوچ طلبا کے حق کی آواز بنے تو کراچی بدر ہوئے۔ تعلق تو ان کا بائیں بازو کے طلبا کی تنظیم این ایس ایف سے تھا اور صحافت میں بھی وہ ہمیشہ ترقی پسند صحافیوں کی صفوں میں پائے گئے۔ وہ ترقی پسند دانشوروں کی صف اول میں تو شامل تھے، لیکن وہ کسی بائیں بازو کی جماعت کے رکن نہیں رہے۔
صحافت کا آغاز انہوں نے سرکاری نیوز ایجنسی پی پی آء سے کیا اور انہوں نے اپنی ایک پیشہ ور ٹیم بنا لی جن میں میں پروفیسر ریاض، مسعود اْللہ خان اور ظفر اقبال مرزا شامل تھے جو انکے ساتھ دم قدم رہی۔ پاکستان پراگریسو پیپرز لمیٹڈ(امروز، پاکستان ٹائمز، لیل و نہار) اور ڈان کے ترقی پسند صحافی دوستوْْں کے ساتھ انکا چولی دامن کا ساتھ رہا۔ خاص طور پر آء اے رحمان، مظہر علی خان، عبداللہ ملک، طاہر مرزا، شفقت تنویر مرزا، امین مغل اور ظفر اقبال مرزا کے ساتھ تو انہوں نے لمبا عدصہ بائیں بازو کے ہفت روزہ ویو پوائنٹ کام کیا۔
وہ پاکستان میں آزادیِ صحافت کے نمایاں علمبرداروں میں شمار ہوتے تھے اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کی صفِ اول کی شخصیات میں سے ایک تھے۔ انہوں نے ٹریڈ یونین رہنما کی حیثیت سے بھی آزادیِ صحافت کے لیئے مسلسل جدوجہد کی اور متعدد بار جیل یاترا کی اور ملازمت سے نکالے گئے۔
ایک تحقیقاتی صحافی اور بیباک مدیر کی حیثیت سے ان کا صحافتی سفر معیاری رپورٹنگ، پیشہ ورانہ دیانت داری اور ادارتی خودمختاری کی روشن مثال تھا۔ ان کا پیشہ ورانہ کیریئر چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط رہا، جس میں انہوں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔
وہ روزنامہ دی نیوز، ہفت روزہ پنجاب پنچ اور پنجابی روزنامہ سجن کے مدیر رہے۔ اس کے علاوہ وہ خبر رساں ادارے PPI، الفتح، فرنٹیئر
گارڈین، ڈیلی اسٹار، مساوات اور ڈھاکہ کے انگریزی اخبار دی ہالیڈے سے بھی وابستہ رہے۔
حسین نقی انسانی حقوق کے ممتاز کارکن اور ٹریڈ یونین رہنما بھی تھے۔ وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) سے وابستہ رہے اور انسانی حقوق کمیشن پاکستان (HRCP) کے طویل عرصے تک سرگرم رکن رہے۔ انہوں نے تین دہائیوں کے دوران کمیشن میں مختلف ذمہ داریاں ادا کیں، جن میں خزانچی کا منصب بھی شامل تھا۔ یہ حسین نقی ہی تھے جنہوں نے آء اے رحمان اور عزیز صدیقی صاحب کے ساتھ مل کر HRCP کے پلیٹ فارم سے بڑے ہی نازک نوعیت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات اور خاص طور پر اقلیئتوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔
حسین نقی نے پاکستان بھر میں انسانی حقوق کمیشن کی شاخیں قائم اور منظم کرنے میں سب سے زیادہ کام کیا۔ انہوں نے ملک کے مختلف شورش زدہ اور متاثرہ علاقوں کے تحقیقاتی دورے کیے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی اور مظلوم و محروم اور محنت کش طبقات کے حقوق کے لیے متعدد مہمات چلائیں۔
اپنی نوجوانی کے زمانے میں وہ ترقی پسند طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن (NSF) میں شامل ہوئے۔ وہ کراچی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر منتخب ہوئے۔ بلوچستان کے طلبہ کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے انہیں جامعہ سے خارج کر دیا گیا۔ اپنی جدوجہد کی پاداش میں انہیں طویل عرصے تک مشکلات، بے روزگاری اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔
ان کی خودنوشت سوانح عمری، ’’مجھ سے جو ہو سکا‘‘ اسی سال شائع ہوئی ہے جس سے ان کی طویل جدوجہد کی کچھ جھلکیاں ملتی ہیں۔
حسین نقی نے عوامی حقوق کے نفاذ کی تحریک (PREM) کی تشکیل میں بھی مدد کی اور اس کے اعلامیے کی تدوین و تصنیف میں شریک رہے۔وہ فری میڈیا فاوْنڈیشن کے بور آف ڈائریکٹرز میں ابتدا ہی سے شامل رہے۔
ان کی رحلت سے عوامی و جمہوری حقوق کی تحریک اپنے ایک اہم، جری اور ثابت قدم رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ وہ محض ایک صحافی، ٹریڈ یونین رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن نہیں تھے بلکہ جمہوری حاکمیت، سویلین بالادستی، آئینی حکمرانی، سماجی انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی جدوجہد کی ایک توانا علامت تھے۔
حسین نقی کی زندگی اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے جمہوریت، سماجی انصاف، آزادیِ صحافت اور عوامی حقوق کی تحریکوں میں مشعلِ راہ رہے گی۔انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انکا ریفرنس مورخہ 27 نومبر بروز جمعہ بوقت شام 4 بجے سافما آڈیٹووریم لاہور میں منعقد ہوگا جس میں انکے رفقا، صحافی، انسانی حقوق کے کارکن اور ترقی پسند دانشور شریک ہونگے۔ _