حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے آج سے عوامی رابطہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی عدلیہ نے یاسین ملک کو پھانسی کی سزا سنائی ہے، جس کے بعد انہوں نے اور ان کی بیٹی نے عوام سے براہِ راست رابطے شروع کر دیے ہیں۔مشال ملک کا کہنا تھا کہ وہ کوئی جلسہ یا ریلی منعقد نہیں کر رہیں، بلکہ لوگوں تک اپنی آواز پہنچا کر انہیں یاسین ملک کی صورتِ حال سے آگاہ کریں گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ یاسین ملک کو پھانسی دینے کی "ناکام کوشش" کی جا رہی ہے، اور خبردار کیا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک نے کشمیر کی خاطر بھوک ہڑتال کی، اور ان کی زندگی خطے کے امن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیوہ جیسی زندگی گزار رہی ہیں جبکہ ان کی بیٹی اپنے باپ کی آواز کو ترس رہی ہے۔