نشترکالونی فیروز پور روڈ پر جمعرات کے روز ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک تیز رفتار ٹرک اور رکشہ میں شدید تصادم ہوا۔
تصادم کے نتیجے میں رکشہ کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے علاوہ رکشہ میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جنرل ہسپتال منتقل کیا ہے۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں کافی حد تک تباہ ہو گئی ہیں، اور حادثے کی جگہ پر فوری طور پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے لاش کو نکال کر ضروری کارروائی شروع کر دی ہے، اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق، تصادم اس وقت ہوا جب رکشہ فیروز پور روڈ پر اپنی لائن میں جا رہا تھا کہ اچانک سے ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں یہ ہولناک حادثہ پیش آیا۔حادثے کے بعد ٹریفک کا رش بڑھ گیا تھا، اور پولیس نے روڈ کو کلئیر کر کے ٹریفک کو بحال کیا۔ اس واقعہ نے علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے، اور لوگ اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انتظامیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں۔