لاہور کے علاقے فیروزپور روڈ پر گلاب دیوی اسپتال کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ایک رکشہ بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا۔زخمیوں کی شناخت اعظم، جارج مسیح اور امتیاز کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب، لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک حادثات میں کمی اور نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ہیلمٹ اور لین لائن کی پابندی کے ساتھ موٹر سائیکل سواروں کے سائیڈ ویو مررز کے لازمی استعمال کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے تمام سرکل افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ موٹر سائیکل سواروں کو محفوظ ڈرائیونگ اور سائیڈ ویو مررز کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ اور آگاہی دیں۔سی ٹی او کے مطابق، لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں سے 61 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں شامل ہیں، اور 70 فیصد حادثات میں موٹر سائیکل سواروں کا ہاتھ ہوتا ہے۔انہوں نے موٹر سائیکل مینوفیکچررز سے بھی ملاقات کی، جس میں ڈیٹیچ ایبل سائیڈ ویو مررز متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ حفاظتی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔