عمران خان کو رہا کرو؛ امریکی خفیہ ایجنسی کے سابق ڈائریکٹر اور ٹرمپ کے ایڈوائزز کا مطالبہ

عمران خان کو رہا کرو؛ امریکی خفیہ ایجنسی کے سابق ڈائریکٹر اور ٹرمپ کے ایڈوائزز کا مطالبہ

امریکا کے سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس رچرڈ گرینیل اور متعدد امریکی رکن پارلیمنٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 رچرڈ گرینیل نے بلوم برگ کی ایک رپورٹ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کی درخواست کی اور لکھا کہ "عمران خان کو رہا کرو"۔ اس پر تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے سوشل میڈیا پر رچرڈ گرینیل کا شکریہ ادا کیا۔رچرڈ گرینیل صرف نیشنل انٹیلی جنس کے سابق چیف ہی نہیں رہے، بلکہ وہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معتمد خاص بھی ہیں۔ ان کے علاوہ، امریکی کانگریس کے متعدد ارکان نے بھی عمران خان کی رہائی کے مطالبات کیے ہیں۔ کانگریس کی رکن راشدہ طلیب نے کہا کہ وہ پاکستان کے بہادر عوام کے ساتھ ہیں، جو تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کانگریس کی رکن باربرا لی، جو انسانی حقوق کاکس کی شریک چیئرپرسن بھی ہیں، نے کہا کہ اظہارِ رائے اور پُرامن احتجاج کی آزادی ہر جگہ ہونی چاہیے۔

دوسری جانب، کانگریس رکن رو کھنا نے انٹرنیٹ کی بندش، سڑکوں کو بلاک کرنے اور سیاسی کارکنوں کی حراست پر تشویش کا اظہار کیا۔ خاتون رکن سمرلی نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق پر جبر قابل مذمت ہے۔ کانگریس رکن بریڈ شرمین نے بھی عمران خان کے حامیوں کے پُرامن احتجاج کے حق کی حمایت کی۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی پاکستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج کرنے والوں کے حقوق کا احترام کرے۔دریں اثنا، تحریک انصاف کے کارکن بشریٰ بی بی کی قیادت میں عمران خان کی رہائی کے لیے دو دن سے اسلام آباد میں احتجاج کر رہے تھے، تاہم آج یہ احتجاج ختم کر دیا گیا۔

شیئر کریں: