پاکستان کے فاسٹ بولرز احمد دانیال اور شاہنواز دھانی زمبابوے کے خلاف جاری ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
احمد دانیال کو ہمسٹرنگ انجری کا سامنا ہے جبکہ شاہنواز دھانی کو ٹریننگ کے دوران بائیں ٹخنے میں چوٹ آئی ہے۔ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ عباس آفریدی اور جہانداد خان کو پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اور وہ بولاوایو پہنچ کر جمعرات کو سیریز کے فیصلہ کن میچ میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ عباس آفریدی اور جہانداد خان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔
زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں احمد دانیال کی جگہ عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔انجری کے شکار احمد دانیال اور شاہنواز دھانی آج شام پاکستان واپس روانہ ہو جائیں گے، جہاں لاہور پہنچ کر وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے۔ دونوں کھلاڑی بحالی کے عمل سے گزریں گے اور کرکٹ میں محفوظ واپسی کے لیے مقررہ پروٹوکول پر عمل کریں گے۔