لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف متفرق درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی جس میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144کا نفاذ تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کے لیے کیا گیا۔آئین کے تحت احتجاج کرنا کوئی غیر قانونی اقدام نہیں ہے، آئین کے تحت احتجاج کرنے کا حق استعمال کیا جا سکتا ہے۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے نوٹی فکیشن پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔