وسطی غزہ کے علاقے المغازی پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
فلسطینی وزارتِ داخلہ کے مطابق حملے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت کیپٹن منصور سمی شحتوت، کیپٹن محمد خالد نوفل اور فرسٹ سارجنٹ مہدی نادر جبر کے ناموں سے ہوئی ہے۔وزارتِ داخلہ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا مقصد غزہ میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا اور بدامنی پھیلانا ہے۔ وزارت نے عالمی برادری اور جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر حملے روکنے اور جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر دباؤ ڈالا جائے۔
دوسری جانب حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر عمل درآمد کے حوالے سے فلسطینی دھڑوں اور ثالث ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ غزہ میں جاری فضائی حملے اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں ہیں، جن سے انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔