بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے ایک خاتون مداح کے غیر متوقع اظہارِ محبت پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ایسا جواب دیا کہ حاضرین سمیت سوشل میڈیا صارفین بھی ان کے معترف ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے 25 جون کو منگلورو میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی آمد پر مداحوں کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ ایئرپورٹ سے لے کر تقریب کے اسٹیج تک ان کی موجودگی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہیں۔تقریب کے دوران شاہ رخ خان نے مداحوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی اور اپنے مشہور گانوں پر رقص بھی کیا۔ اسی دوران ایک خاتون مداح نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنے شوہر سے بھی زیادہ شاہ رخ خان سے محبت کرتی ہیں۔خاتون کی یہ بات سن کر شاہ رخ خان مسکرا دیے اور مزاحیہ انداز میں کہا، "یہ سب اکیلے میں بتانا چاہیے نا۔" ان کے اس جملے پر پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔
بعد ازاں شاہ رخ خان نے نہایت سنجیدگی اور محبت بھرے انداز میں کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ صرف محبت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا، "مجھے یقین ہے کہ آپ کے شوہر بھی اسے سمجھتے ہوں گے۔ میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں، آپ کے شوہر سے بھی اور آپ کے پورے خاندان سے بھی۔ بہت شکریہ۔"یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جہاں مداحوں نے شاہ رخ خان کے مزاح، شائستگی اور حاضر جوابی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف ایک بڑے سپر اسٹار بلکہ باوقار، عاجز اور بااخلاق شخصیت بھی ہیں۔