ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ 2024-25 کی منظوری پر تمام اتحادی جماعتوں اور پارلیمنٹیرینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر دن رات کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کی اور کہا کہ یہ بجٹ عوام دوست ہے جسے معاشی ٹیم نے محنت سے تیار کیا اور تمام اتحادیوں کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری میں اتحادی جماعتوں نے کلیدی کردار ادا کیا، جن پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔شہباز شریف نے زور دیا کہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مثالی اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میرا یقین ہے کہ ہم سب کا اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کی ضمانت بنے گا۔‘‘وزیراعظم نے بھارت کی حالیہ جارحیت پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان نے اس چیلنج میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے افواج پاکستان، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی، میڈیا اور پوری قوم کے اتحاد کو سراہا اور کہا کہ دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے۔
انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جانے والے سفارتی وفد کی کارکردگی کو بھی سراہا، جو پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے واضح کرنے میں کامیاب رہا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ بھی پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے دوران مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے مسلسل رابطے میں رہا۔ ان کے مطابق ایران-اسرائیل کشیدگی کے خاتمے سے خطے میں امن اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ، کابینہ ارکان، اور پارلیمان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔