امن برقرار رکھنے کیلئے فوج ،رینجرز طلب،ضابطہ اخلاق پرعمل کرائینگے:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کی حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ144 نافذ کر دی ہے ذرائع کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا تعلق محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے سے ہے صوبائی حکومت کے حکم پر دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ محرم میں سوشل میڈیا پر کسی مذہب یا فرقہ کی توہین نہیں کرنے دی جائیگی،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر امن کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں،تمام مکاتب فکر کے علما کو فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے،صوبے میں امن کو برقرا ررکھنے کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کر لیا ہے،عشرہ محرم کے دوران ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا معاملہ زیر غور ہے، موبائل فون سروس بندش کا فیصلہ حالات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میڈیا ہال میں پریس کانفرنس پر کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا محرم پرکنٹرول رومز نے کام شروع کردیا ہے، وزیر اعلیٰ نے محرم میں امن کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیکر وزرا کی ڈویڑنزمیں ڈیوٹیاں لگا دی ہیں جوجلوسوں پر ڈیوٹی انجام دینگے۔ صوبہ میں38 ہزار مجالس،9 ہزار دوسو سے زائد عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد افسر و اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں،35 ہزار سے زائد رضاکاربھی سکیورٹی کرینگے۔ محرم کیضابطہ اخلاق پرعمل کرائینگے۔ سوشل میڈیا پر متنازع پوسٹ پرتحقیقات کے بعد اگر کوئی ملوث پایا گیا تو پہلے اسکا اکائونٹ بلاک اور پھر گرفتارکرلیا جائیگا۔مجالس کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال بھی جلوسوں کیساتھ موجود ہونگے۔