5 سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیاں اور دھرنے ، چہرہ چھپانے پرپابندی ہوگی
کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 22 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے خواتین اوربچوں کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلع کوئٹہ میں 22 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ شہر میں اسلحے کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے علاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ گاڑیوں پر کالے شیشوں کا استعمال اور بغیر رجسٹریشن موٹرسائیکلوں کی نقل و حرکت بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں 5 سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیاں اور دھرنے منعقد کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کیلئے ماسک یا مفلر کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے