ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران اسرائیل کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ کے باعث اسرائیلی معیشت کو 6 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں بھی ایک فیصد کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی سینٹرل بینک کے مطابق جنگ کے نتیجے میں ملکی انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فتح نے خطے میں امن کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ فتح امن معاہدوں میں ڈرامائی توسیع کا موقع فراہم کرتی ہے، اور ہم اس پر پوری سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔"
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی سے "یرغمالیوں کی رہائی" اور "حماس کی شکست" کا موقع پیدا ہوا ہے جسے وہ ہرگز ضائع نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے میں پہلے ہی سکیورٹی اور معاشی خدشات بڑھ چکے ہیں، جبکہ عالمی طاقتیں دونوں ممالک کو صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کر رہی ہیں۔