سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی وزیرداخلہ

 محرم الحرام کے دوران  انٹرنیٹ اور موبائل فون بندش کا فیصلہ متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے  کیا جائے گا:محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلے
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کا فیصلہ کرلیا، محرم کے دوران سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصرکیخلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون بندش کا فیصلہ متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ملک بھر میں محرم الحرام سیکیورٹی پلان پراہم اجلاس ہوا، جس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے پیمرا کو واضح سفارشات ارسال کی جائیں گی۔محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتطامی اقدامات کا بھی فیصلہ ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کے حوالے سے فیصلہ زمینی حقائق اور سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جائے، تمام ضروری اقدامات اور فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔