لاہور پریس کلب انتخابات میں جرنلسٹ گروپ نے میدان مارلیا

 ارشد انصاری 1283 ووٹ لے کر پھر صدر منتخب ، سلمان قریشی 1125 ، سیکرٹری افضال طالب 1059 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے
 گرینڈ الائنس کے اعظم چوہدری 711 ووٹ حاصل کر سکے،ناصرہ عتیق 1045 ووٹ لے کر منتخب ، رانا محمد اکرام 959 ووٹ لے سکے
لاہور ( خصوصی رپورٹ) پریس کلب لاہور کے سالانہ انتخابات برائے 2026 کے نتائج سامنے آ گئے ہیں، جس میں جرنلسٹ گروپ نے میدان مار لیا۔نتائج کے مطابق، جرنلسٹ پینل کے ارشد انصاری 1283 ووٹ لے کر ایک مرتبہ پھر لاہور پریس کلب کے صدر منتخب ہو گئے، جبکہ ان کے مدِ مقابل گرینڈ الائنس کے اعظم چوہدری 711 ووٹ حاصل کر سکے۔سینئر نائب صدر کی نشست پر جرنلسٹ پینل کے سلمان قریشی 1125 ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ گرینڈ الائنس کی صائمہ نواز 839 ووٹ لے سکیں۔ نائب صدر کے عہدے پر گرینڈ الائنس کی ناصرہ عتیق 1045 ووٹ لے کر منتخب ہوئیں، ان کے مقابلے میں جرنلسٹ پینل کے مدثر حسین تتلہ 882 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔جنرل سیکرٹری کے عہدے پر جرنلسٹ پینل کے افضال طالب 1059 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ گرینڈ الائنس کے عبدالمجید ساجد 814 اور آزاد امیدوار اعجاز مرزا 103 ووٹ حاصل کر سکے۔ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر جرنلسٹ پینل کے عمران شیخ 1002 ووٹ لے کر منتخب ہوئے جبکہ گرینڈ الائنس کے رانا محمد اکرام 959 ووٹ لے سکے۔خزانچی کے عہدے پر جرنلسٹ پینل کے سالک نواز 1035 ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ حسنین چوہدری 926 ووٹ لے سکے۔ اس طرح جرنلسٹ پینل نے تمام اہم عہدوں پر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور لاہور پریس کلب میں اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھی ہے۔