پنجاب حکومت کا تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا نیا منصوبہ تیار

تعلیمی اداروں میں  تدریسی دنوں کی تعداد بڑھا کر 190 کرنے کی تجویز  
 چھٹیاں کم کر کے صرف 6 ہفتے یعنی ڈیڑھ ماہ تک محدود کر دیا جائے گا: حکومت
سائنس، ریاضی اور دیگر اہم مضامین میں عملی تدریس کیلئے  اضافی وقت میسر آ سکے گا
لاہور(آ ئی این پی )پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کے تعلیمی نقصانات کا ازالہ کرنیکیلئے  اسکولوں اور کالجوں کی چھٹیوں سے متعلق ایک نیا اور جامع منصوبہ تیار کر لیا۔ذرائع کے مطابق نئے  منصوبے کے تحت تعلیمی اداروں میں سالانہ تدریسی دنوں کی تعداد بڑھا کر 190 کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کیلئے چھٹیوں کے دورانیے میں کمی کی جائے گی۔ اس حوالے سے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی نے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کر دی ہیں۔ ان سفارشات میں سب سے اہم نکتہ موسمِ گرما کی چھٹیوں میں نمایاں کمی ہے۔مجوزہ پلان کے تحت گرمیوں کی چھٹیاں جو اس وقت تقریبا ڈھائی ماہ پر محیط ہوتی ہیں، انہیں کم کر کے صرف 6 ہفتے یعنی ڈیڑھ ماہ تک محدود کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طویل چھٹیوں کے باعث طلبہ کی تعلیمی روانی متاثر ہوتی ہے اور نصاب کی بروقت تکمیل میں مشکلات پیش آتی ہیں۔پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ تعلیمی دنوں میں اضافے سے نہ صرف نصاب مکمل کیا جا سکے گا بلکہ طلبہ کی مجموعی تعلیمی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ خاص طور پر سائنس، ریاضی اور دیگر اہم مضامین میں عملی تدریس کیلئے  اضافی وقت میسر آ سکے گا۔