خلیل الرحمان قمر کا بڑا انکشاف: فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی

خلیل الرحمان قمر کا بڑا انکشاف: فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی

ویب ڈیسک: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں ایک بڑا انکشاف کیا، جس نے شوبز کی دنیا میں ہلچل مچادی ہے۔

 خلیل الرحمان قمر نے پہلی بار اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے اپنی شادی کا اعلانیہ تذکرہ کیا۔خلیل الرحمان قمر نے یہ انکشاف معروف صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ شو میں کیا، جب ارشاد بھٹی نے انہیں ان کے مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے حوالے سے سوال کیا۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ ڈرامے میں ایک عورت اپنے شوہر کو چھوڑ کر دوسرے مرد کے پاس چلی جاتی ہے، اور سوال کیا کہ آیا آپ کا ڈرامہ آپ کی ذاتی زندگی سے متاثر تھا؟اس سوال کے جواب میں خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ ان کی ذاتی زندگی سے متاثر نہیں تھا، تاہم جب ڈرامہ نشر ہو رہا تھا، تو لوگوں نے اس کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں کیں۔ انہوں نے فیصل قریشی کو اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ شوبز میں فیصل کو متعارف کرانے والے شخص ہیں اور ان کی اداکاری کی بہت تعریف کی۔

پھر خلیل الرحمان قمر نے وہ راز کھولا جس کا سب کو انتظار تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی، تاہم یہ بھی کہا کہ فیصل اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق کی وجہ وہ نہیں تھے۔ خلیل الرحمان قمر نے وضاحت کی کہ فیصل قریشی اور ان کی پہلی بیوی کے درمیان طلاق ہونے ہی والی تھی، اور انہوں نے اس معاملے پر فیصل اور ان کی والدہ کو سمجھانے کی بہت کوشش کی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل کی سابقہ اہلیہ سے ان کی صرف دو بار ملاقات ہوئی تھی اور وہ انہیں ’’بیٹا‘‘ کہہ کر بلاتے تھے، مگر ان سے شادی کرنے کی وجوہات وہ فی الحال نہیں بتا سکتے، لیکن جلد ہی اس بارے میں کھل کر بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔خلیل الرحمان قمر کے ان انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، اور لوگ اس کہانی کے مزید پہلو جاننے کے لیے بے تاب ہیں۔