محمد عقیل اشفاق
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایک سالہ دور حکومت صوبے کی تاریخ میں ایک رجحان ساز عرصہ ہے جس دوران صوبے کے عوام کی آسانی اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں کسانوں، مزدوروں، طلباء، اقلیتوں اور بے سہارا عوام کے لئے خصوصی پیکجز شامل ہیں۔ انہی اقدامات میں ایک سب سے بڑا فیصلہ گورننس میں بہتری اور شہریوں کو درپیش روزمرہ تکالیف کا خاتمہ بھی ہے۔ سرکاری اداروں تک عام آدمی کی آسان رسائی اور سروس ڈیلوری میں نمایاں بہتری پچھلے ایک سال کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے اور اب ضروری ہوگیا تھا کہ ان اصلاحات اور سہولیات کا دائرہ وسیع کیا جائے اور روزمرہ زندگی میں عوام کو درپیش مشکلات بھی کم کی جائیں تاکہ انہیں مزید آسانیاں فراہم ہوسکیں۔ ان مشکلات میں ایک اہم اور بہت بڑی رکاوٹ شہروں اور قصبات کے کاروباری علاقوں میں عارضی اور مستقل تجاوزات بھی تھیں جن سے نہ صرف ایک عام صارف بے حد پریشان تھا بلکہ اس سے بلدیاتی اداروں کو بھی صفائی اور سیوریج کے مسائل دور کرنے میں شدید مشکلات درپیش تھیں۔ انہی مسائل کے مدنظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام شہروں اور قصبات سے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات صادر کئے جن پر عمل درآمد کے لئے انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے متحرک ہوئے اور سالہاسال سے قائم عارضی و پختہ تجاوزات کے خاتمے کا آغاز ہوا۔ صوبے کے باقی شہروں کی طرح ساہیوال ڈویژن کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تجاوزات کے خلاف مہم بھرپور انداز سے جاری ہے جس کی سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ تاجربرادری ازخود انتظامیہ کا ہاتھ بٹا رہی ہے اور رضاکارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے جو نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا وا ضح ثبوت بھی ہے۔
پچھلے ایک ہفتے سے ڈویژن بھر میں جاری اس مہم کی کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نہ صرف خود نگرانی کررہے ہیں بلکہ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو بھی واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اس اہم مہم کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے تاکہ اسے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ اعدادوشمار کے مطابق ساہیوال ڈویژن کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بازاروں کی کل تعداد 179ہے جن میں سے اب تک 74بازاروں سے پختہ تجاوزات ختم کردی گئی ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ اسی دوران 2634شٹرز بھی گرائے گئے اور1409پختہ تعمیرات توڑی گئیں۔ اسی طرح جہاں عارضی تجاوزات تھیں وہاں بھی کاروائیاں جاری ہیں اور اب تک231میں سے118بازاروں سے عارضی تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ تجاوزات کے خلاف جاری اس مہم کی اہم بات بازاروں میں کھڑی کی جانے والی ریڑھیوں کو متبادل جگہ فراہم کرنا بھی ہے تاکہ کوئی فرد بے روزگار نہ ہو اور ان کا کاروبار بھی چلتا رہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کے واضح احکامات کے مطابق بلدیاتی اداروں نے جس شیڈول کے مطابق اس مہم کا آغاز کیا ہے اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے اور توقع ہے کہ 5فروری تک شہروں کو تجاوزات سے پاک کردیا جائے گا جس سے نہ صرف بازار کھلے ہونگے بلکہ خریداروں کے لئے آسانیاں پیداہونگی۔ قیمتی سرکاری جگہ واگزار ہوگی اور میونسپل اداروں کو سروسز کی فراہمی میں بہت بہتری آئے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عام شہری خصوصاً تاجر ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے اپنی حدود سے تجاوز کرنے سے گریز کریں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صاف ستھرا اور خوبصورت پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔