رواں ماہ: 1347 ریکارڈ یافتہ اشتہاری گرفتار

دیگر اضلاع میں چھپے55اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ مجرم سلاخوں کے پیچھے ہوں گے تو ہی شہری جرائم سے محفوظ ہوں گے۔لاہور پولیس نقص امن کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔شہری کمیونٹی پولیسنگ کے تحت اپنے گردونواح نظر رکھ کر اپنا سماجی فرض نبھائیں اور مطلوب افراد کی اطلاع دے کر پولیس کی مدد کریں۔فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس آپریشنز ونگ کا قیام امن اور جرائم کے خاتمے کیلئے ریکارڈ یافتگان، اشتہاری مجرمان و ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔رواں ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1347 ریکارڈ یافتہ اشتہاری و عدالتی مفرور اصل ٹھکانے جیل پہنچادیئے گئے۔کریک ڈاؤن کے دوران 387ریکارڈ یافتگان،مختلف مقدمات میں مطلوب 618 اشتہاری اور333عدالتی مفروران کو گرفتار کیاگیا۔دوران ریڈ دیگر اضلاع میں چھپے55اشتہاریوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔محمد فیصل کامران نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرمان کو سزا دیئے بغیر سنگین جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔لاہورپولیس آپریشنز ونگ کی اشتہاری وعادی مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔