صوبہ بھر میں 504 سرچ آپریشن ،123مشتبہ زیر حراست

لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویڑن کی تکمیل میں شرپسند، دہشت گرد و جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پنجاب پولیس کے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 504 سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ 21385 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 123 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے 24 دنوں میں صوبہ بھر میں 6830 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ مجموعی طور پر 01 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ 6754 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 152 پسٹلز ، 03 بندوقیں، 22 رائفلیں 08 کلاشنکوف اور 3121 گولیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرچ ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بس اڈوں ، ہوٹلز اور سراؤں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔