خاتون کے مرحوم شوہر کے نام ایک مربع زمین ہے جسے ملزم قبضے میں لینا چاہتے ہیں
اوچ شریف (آن لائن )اوچ شریف کے علاقے محلہ شمیم آباد میں خاتون پر انسانیت سوز حملے کا واقعہ پیش آیا جس میں خاتون کا ناک اور ہونٹ کاٹ دیے گئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کے جسم پر دیگر زخموں کے نشانات بھی پائے گئے ہیں جن میں کان کاٹنے کی کوشش کے دوران لگنے والے زخم شامل ہیں جبکہ خاتون کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا شوہر چھ سال قبل وفات پا گیا تھا اور ان کے تین بچے زندہ ہیں۔ ان کے مرحوم شوہر کے نام ایک مربعہ زمین ہے جسے ملزمان زبردستی اپنے قبضے میں لینا چاہتے تھے۔ خاتون کے مطابق زمین دینے سے انکار پر ملزمان نے ان پر جان لیوا حملہ کیا۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مقدمے میں نامزد تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔