شوہر بیوی کا قاتل نکلا

 گاڑی فروخت کرنے کے معاملے پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا، ملزم نے شیشے کے ٹکرے سے وار کئے 
لاہور(کرائم رپورٹر) شادمان میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے بہیمانہ قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں پولیس تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ مقتولہ کی شناخت بختاور کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ملزم اس کا شوہر ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کی پسند کی شادی ہوئی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے وقت ملزم آئس کے نشے میں تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی رات گاڑی فروخت کرنے کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کرگیا۔ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ جھگڑے کے دوران اس نے شیشے کے گلاس کا ٹکڑا لے کر بیوی کے گلے پر تین وار کیے۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی گلے پر شیشے کے تین زخموں کی تصدیق ہوئی ہے، جو موت کی بنیادی وجہ قرار دیے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم تقریباً پندرہ منٹ کے لیے گاڑی پر گھر سے باہر گیا اور آئس استعمال کرنے والی اشیاء شادمان نالے میں پھینک دیں۔ بعد ازاں اس نے اپنے سگے بھائی کو فون کرکے بیوی سے جھگڑے کا بتایا۔ادھر جھگڑے کی اطلاع ملنے پر مقتولہ کے والد بیٹی کے گھر پہنچے۔ گھر میں موجود چھ سالہ ملازمہ نے انہیں بتایا کہ ‘‘صاحب نے بیگم کو قتل کردیا ہے۔’’ پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کی آواز مقتولہ کے سات سالہ بیٹے نے بھی سنی۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی جاری ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔