اسلام آباد (آئی این پی )مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے قومی اخبارات میں وزیراعلی پنجاب کے اشتہارات چھپنے پر مریم نواز کا کوئی قصور نہیں،مریم نوازیقینا بہت زیادہ محنت کررہی ہیں،اشتہارات کا معاملہ مریم اورنگزیب سے پوچھوں گا، اگر ذاتی پبلسٹی کا تاثر آرہا ہے تو ایسا نہیں ہونا چاہئے، قومی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر بہت افسوس ہوا ہے، کرکٹ بورڈ کے حالات کو درست کرنے کیلئے پروفیشنل لوگوں کو آنا چاہئے، جس کا زور چلتاہے پی سی بی میں جاکر بیٹھ جاتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا اخبارات کے فرنٹ پیج پر وزیراعلی پنجاب کے اشتہارات چھپنے کا معاملہ مریم اورنگزیب سے ضرور پوچھوں گا ۔ وزیراطلاعات اگرچہ عظمی بخاری ہیں لیکن مریم اورنگزیب کی موجودگی میں ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا کیونکہ ان کو میڈیا اور وزارت اطلاعات کا بہت زیادہ تجربہ ہے۔ راناثنااللہ نے کہا کہ چیف جسٹس موجودہ کریمنل جسٹس سسٹم میں ریفارمز کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم سے بھی ملاقات کی ہے اور اپوزیشن سے بھی ملاقات کی ہے یہ بہت اچھی بات ہے، دیگر تمام اسٹیک ہولڈر کو بھی ملنا چاہئے، سب کو مل کر مشاورت کے ساتھ ریفارمز کرنی چاہئیں، سپریم جوڈیشل کمیشن کے نمائندے اختر حسین کا استعفا ایسے ہی ہے کہ اگر کسی بندے کو موت کا پتا چل جائے تو وہ کوئی ایسا کام کرے جس سے اس کو شہادت کا درجہ مل جائے۔اخترحسین بزرگ اور اچھے آدمی ہیں لیکن یہ اچھا کام نہیں کیا۔ اختر حسین کی ایک ماہ بعد مدت پوری ہورہی ہے اور کلمہ شہادت بلند کردیا ہے، اگر اعتراض تھا تو 26ترمیم کے تحت پہلے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے اٹھ جاتے۔