سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر انتقال کر گئیں

سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر انتقال کر گئیں

سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔

 وہ اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں اور معاشی پالیسی سازی میں ان کا کردار نہایت اہم رہا۔ڈاکٹر شمشاد اختر 2 جنوری 2006 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی 14ویں گورنر مقرر ہوئیں۔ ان کی نماز جنازہ کل بعد نمازِ ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔ڈاکٹر شمشاد اختر کی پیدائش حیدرآباد میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی اور اسلام آباد سے حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی سے 1974 میں بی اے اکنامکس اور قائداعظم یونیورسٹی سے ایم ایس سی اکنامکس کیا۔ بعد ازاں یونیورسٹی آف سسیکس سے 1977 میں ڈیولپمنٹ اکنامکس میں ایم اے کیا جبکہ برطانیہ کے پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک ممتاز ماہرِ معاشیات کے طور پر جانی جاتی تھیں اور مختلف عالمی اداروں میں بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔ ان کے انتقال پر سیاسی، معاشی اور سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔