خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان پر، شہری خریداری سے محروم

 شدید سردی نہ آنے کی وجہ سے کاروبار مندا ،مہنگائی سے گاہک بھی غائب :دکاندار 
ساہیوال (خصوصی رپورٹ) سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ شہر بھر کے مختلف بازاروں میں چلغوزے، بادام، اخروٹ، کاجو، خوبانی اور پستہ کی دکانیں سج چکی ہیں، جہاں شہری خریداری کرتے نظر آتے ہیں، مگر خشک میوہ جات سردیوں کا انمول تحفہ ہونے کے ساتھ مہنگا بھی ہیں۔مارکیٹ میں چلغوزہ 8 سے 12 ہزار روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، نمکین پستہ 3800 روپے کلو اور سادہ پستہ 4000 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح دیسی انجیر 3600 روپے کلو، کابلی بادام 3400 روپے کلو، جبکہ دیسی اخروٹ اور خوبانی ایک ایک ہزار روپے کلو میں بک رہی ہیں۔ کاجو اور کالا میوہ بھی مہنگائی کی وجہ سے عوام کے لیے پہنچ سے دور ہیں۔خریداری میں مصروف شہری مہنگائی پر شکوہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ خشک میوہ جات اتنے مہنگے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے لیے خرید نہیں سکتے۔ دوسری طرف د کانداروں کا کہنا ہے کہ دسمبر گزر چکا ہے لیکن شدید سردی نہ آنے کی وجہ سے کاروبار مندا ہے اور اوپر سے مہنگائی کی وجہ سے گاہک تقریباً نہیں ہیں۔