پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اثاثوں کی ویلیو ایشن کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے جس کا مقصد فرنچائزز اور کمرشل رائٹس کی مالیت کا تعین کرنا ہے۔
اس عمل کے دوران پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی قدر بھی طے کی جائے گی۔ اس اہم منصوبے کے لیے ای وائے مینا (EY MENA) کو ویلیو ایشن کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، جو پانچ ہفتوں میں یہ عمل مکمل کرے گی۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ اثاثوں کی ویلیو ایشن کا یہ عمل مکمل شفافیت کے ساتھ میرٹ پر فیصلوں کی ضمانت ہے۔ ان کے مطابق پی ایس ایل آج دنیا کی نمایاں اور کامیاب کرکٹ لیگز میں شمار ہوتی ہے اور یہ اقدام اس کی مزید ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویلیو ایشن کے ذریعے مستقبل کے اسٹریٹجک فیصلے کرنے میں سہولت ملے گی، جس سے فرنچائزز کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور لیگ کی مالی حیثیت مزید مضبوط بنائی جا سکے گی۔پی سی بی حکام پرامید ہیں کہ یہ عمل نہ صرف فرنچائزز کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ پی ایس ایل کو عالمی معیار کی اسپورٹس لیگ بنانے کی کوششوں کو بھی مزید تقویت دے گا۔