سلمان اکرم نے پیسوں کے بغیر کبھی کوئی کام نہیں کیا:،فوادچوہدری

 بدقسمتی سے پارٹی نے اپنے کیسز درست انداز سے نہیں لڑے، جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا
 بانی پی ٹی آئی کو ہی ووٹ ملتے ہیں اور انہیں کسی بھی صورت مائنس نہیں کیا جا سکتا،گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )سابق  وفاقی وزیر  فواد چوہدری نے کہا ہے  سلمان اکرم صرف اپنا وزن بڑھا رہے ہیں، پارٹی کا عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔ایک انٹرویو میں  سلمان اکرم کے عہدہ چھوڑنے کے فیصلے پر ردعمل  دیتے ہوئے  فواد چوہدری نے کہا کہ  بدقسمتی سے پارٹی نے اپنے کیسز درست انداز سے نہیں لڑے، جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کو لیگل کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا لیکن وہ درست کام نہ کرسکے اور ان کی بنائی ہوئی لیگل اسٹریٹیجی بالکل غلط ثابت ہوئی۔انہوں نے الزام لگایا کہ سلمان اکرم نے زندگی میں پیسوں کے بغیر کبھی کوئی کام نہیں کیا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی نے میری تجویز کردہ لیگل اسٹریٹیجی اپنائی ہوتی تو آج یہ سزائیں نہ ہوتیں، مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرتاج گل کے کیس میں تاحال سپریم کورٹ میں اپیل تک دائر نہیں کی گئی۔سابق رہنما نے کہا کہ پارٹی کی موجودہ لیگل ٹیم دیگر کاموں میں مصروف ہے اور کیسز کو وہ توجہ نہیں مل رہی جو ملنی چاہیے تھی