ٹریفک پولیس انسپکٹر غلام حسن اعوان، ڈرائیور عمران بودی اور محنت کش ادریس موقع پر چل بسے،کوسٹر میں نارنگ کے فروٹ و سبزی منڈی کے دکاندار سوار تھے
جاں بحق انسپکٹر غلام حسن اعوان چند روز میں ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے تھے، لاشیں نارنگ منڈی پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور شہر کی فضا سوگوار ہو گئی
نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی)نارنگ شاہدرہ روڈ پر کرول گھاٹی کے قریب کوسٹر اور ٹریفک پولیس کی گاڑی کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ٹریفک پولیس انسپکٹر سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہو گئے ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تفصیلات کے مطابق نارنگ سے لاہور جانے والی کوسٹرجس میں فروٹ و سبزی منڈی کے دکاندار سوار تھے کالاخطائی روڈ پر کرول اسٹاپ کے قریب پیرا فورس پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گئی حادثے کے نتیجے میں ٹریفک پولیس انسپکٹر غلام حسن اعوان، ڈرائیور عمران بودی اور محنت کش ادریس موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے پولیس گاڑی میں سوار اے ایس آئی مختار، کانسٹیبل فرزند علی اور ڈرائیور مستنصر بھی زخمیوں میں شامل ہیںریسکیو 1122 شیخوپورہ اور لاہور کی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں بشمول میو ہسپتال منتقل کر دیاذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے انسپکٹر غلام حسن اعوان چند روز میں ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے تھے حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں نارنگ منڈی پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور شہر کی فضا سوگوار ہو گئی۔