مریدکے: گاڑی پر فائرنگ،سی آئی اے سب انسپکٹر سمیت 2 جاں بحق، ڈرائیور شدید زخمی

پولیس نے مشتبہ سمجھ کر روکا، مراتب علی نے ڈاکوئوں کی کارروائی سمجھ کر گاڑی بھگا دی، کانسٹیبل جمشید اور ارسلان نے فائرنگ کر دی،حقیقت معلوم ہونے پرموقع سے فرارہوگئے
 لاہور(آئی این پی )مریدکے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں سی آئی اے کے سب انسپکٹر سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔بتایا گیاہے کہ مریدکے میں فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے سی آئی اے سب انسپکٹر مراتب علی پر فائرنگ انویسٹی گیشن پولیس بادامی باغ نے کی۔پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل جمشید اور ارسلان، جو بادامی باغ لاہور میں تعینات تھے، کسی ملزم کی تلاش میں مریدکے گئے تھے۔ اس دوران سی آئی اے سب انسپکٹر مراتب علی اپنے دوست ذکاء اللہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم نے مشتبہ سمجھ کر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تاہم مراتب علی نے اسے ڈاکوئوں کی کارروائی سمجھ کر گاڑی بھگا دی۔ اس پر کانسٹیبل جمشید اور ارسلان نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد جب دونوں کانسٹیبلز کو معلوم ہوا کہ گاڑی میں موجود شخص سی آئی اے سب انسپکٹر ہے، تو وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مفرور کانسٹیبلز اور ان کے ساتھی واصف کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔