انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ 8 اکتوبر تک مؤخر کردیا۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ چھٹیوں پر چلے گئے، جبکہ نظر بندی کے باعث علیمہ خان عدالت میں پیش نہ ہوسکیں۔ کیس میں نامزد دیگر 9 ملزمان کمرہ عدالت میں موجود تھے۔دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے پیر کو مقرر کردی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل رانا مدثر عمر نے عدالت سے علیمہ خان کو ادویات اور کپڑے فراہم کرنے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے کے لیے الگ متفرق درخواست دائر کی جائے۔
دوسری جانب جسٹس عبہر گل خان نے ایم پی او کی دفعات 3 اور 16 کو کالعدم قرار دینے کے لیے ایم پی اے شفیع کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس مقرر کرنے کی ہدایت کردی، تاہم وکیل اظہر صدیق کی جانب سے مرکزی درخواست کی آج ہی سماعت مقرر کرنے کی استدعا مسترد کردی۔