تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز تعینات، روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے گی
لاہور (خصوصی رپورٹ) کمشنر لاہور زیبر خان درانی کی ہدایت پر ڈی سی آفس لاہور میں ضلعی سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ سموگ کنٹرول سینٹر میں محکمہ ماحولیات، انڈسٹریز، ایل ڈبلیو ایم سی، ٹریفک پولیس، صحت، لوکل گورنمنٹ، آر ٹی اے اور زراعت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں بھی دو افسران کو ضلعی سینٹر سے رابطہ کاری کے لیے مامور کیا گیا ہے۔کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ اس سینٹر کے قیام سے ضلع بھر میں انسدادِ سموگ سرگرمیوں کے لیے مئوثر رابطہ کاری یقینی بنے گی اور روزانہ کی بنیاد پر تمام کارروائیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انسدادِ سموگ پالیسی کے تحت شہر بھر میں عملی اقدامات کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بتایا کہ سموگ کنٹرول و کوآرڈینیشن سینٹر 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ہر تحصیل کا باقاعدہ سموگ آڈٹ کیا جائے گا تاکہ سموگ کے خلاف مئوثر کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔