ڈاکوئوں نے خاتون سے ڈرامائی انداز میں کار چھین لی

پہلے کارکوٹکر ماری گئی،خاتون نے کارروکی توڈاکوئوں نے اسلحہ نکال لیا
لاہور (کرائم رپورٹر)اقبال ٹائون لاہور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکوئوں نے ایک خاتون سے اسلحہ کے زور پر گاڑی چھین لی۔ طریقہ واردات نہ صرف چونکا دینے والا تھا بلکہ اس میں ڈاکوئوں کی چالاکی بھی سامنے آئی، جنہوں نے پہلے گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار کر حادثے کا ڈرامہ رچایا، اور بعدازاں اسلحہ دکھا کر گاڑی چھین لی۔ ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون، جس کا نام ثنا بتایا جا رہا ہے، نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی گاڑی میں جا رہی تھیں کہ عقب سے ایک گاڑی نے ان کی کار کو ٹکر ماری۔ حادثے کے بعد جب وہ سڑک کنارے گاڑی روک کر باہر نکلیں تاکہ نقصان کا جائزہ لے سکیں، تو اچانک ڈاکوئوں نے اسلحہ تان کر ان کی گاڑی چھین لی اور کنال روڈ کی جانب فرار ہو گئے۔خاتون نے تھانہ اقبال ٹائون میں واقعہ کی ایف آئی آر درج کرا دی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ پولیس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ متاثرہ خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیف سٹی کے متعدد کیمرے خراب ہونے کی وجہ سے گاڑی کا سراغ نہیں لگایا جا سکا، جس سے تحقیقات میں شدید رکاوٹ آ رہی ہے۔