امریکا کی یوکرین کو ایف 16 طیاروں کے لیے 622 ملین ڈالر کے سازوسامان کی فروخت کی منظوری

امریکا کی یوکرین کو ایف 16 طیاروں کے لیے 622 ملین ڈالر کے سازوسامان کی فروخت کی منظوری

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے یوکرین کو ایف 16 لڑاکا طیاروں سے متعلق معاون سازوسامان اور تکنیکی سہولیات کی 621.9 ملین ڈالر مالیت کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

 اس اقدام کا مقصد یوکرین کی فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور جنگی طیاروں کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس مجوزہ معاہدے کے تحت یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال، مرمت اور تکنیکی معاونت کے لیے ضروری سازوسامان فراہم کیا جائے گا۔ اس پیکیج کی مجموعی مالیت تقریباً 622 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔معاہدے میں طیاروں کے حفاظتی اور تکنیکی آلات، کارٹریج ایکچیویٹڈ ڈیوائسز، پروپیلنٹ ایکچیویٹڈ ڈیوائسز، لیبارٹری کا سامان اور نقل و حمل سے متعلق معاون سہولیات شامل ہیں۔ یہ سازوسامان یوکرین کی فضائیہ کو اپنے ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس فروخت سے یوکرین کی موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جبکہ فضائی دفاع کو مزید مؤثر بنانے اور اپنے دفاعی آپریشنز جاری رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔معاہدے کے اخراجات چار یورپی ممالک برداشت کریں گے۔

 امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بیلجیم، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور ناروے اس خریداری کے لیے فنڈز فراہم کریں گے، جبکہ اس منتقلی پر امریکی حکومت کے فنڈز خرچ نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور پرزہ جات کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ طیاروں کے پرزوں کی کمی اور مرمت میں تاخیر کے باعث ان کی آپریشنل دستیابی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔واضح رہے کہ روس کے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل حملے کے بعد کیف حکومت اپنے مغربی اتحادیوں سے جدید لڑاکا طیاروں کی فراہمی کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ یوکرین کو 2024 میں اتحادی ممالک کے ذریعے ایف 16 طیاروں کی پہلی کھیپ موصول ہوئی تھی۔