آبنائے ہرمز : دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی

تہران(خصوصی رپورٹ )ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعوی کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جبکہ ایک اور امریکی MQ-9 ڈرون مار گرا یا گیا ہے ۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق بحریہ کے شعب تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، جب دونوں ٹینکر آبنائے ہرمز کے جنوبی اور مشرقی ساحلی علاقوں کے قریب مبینہ طور پر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جہاز اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر کے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔پاسدارانِ انقلاب نے فوری طور پر ٹینکروں کی شناخت یا جانی و مالی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔دریں اثنا ایرانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔دوسری جانب امریکی دفاعی حکام کی جانب سے تاحال ایرانی فوج کے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق سامنے نہیں آئی ۔