اسلام آباد: پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے سفر پر مبنی ولولہ انگیز ڈاکیومنٹری ’’ستاروں سے آگے‘‘ جاری کر دی گئی، جس میں قیامِ پاکستان سے لے کر جدید سائنسی ترقی تک کے سفر، قومی کامیابیوں اور نامور سائنس دانوں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ڈاکیومنٹری ’’ستاروں سے آگے‘‘ میں 1947 میں قیامِ پاکستان سے شروع ہونے والے سائنسی سفر کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس میں عزم، جدت، تحقیق اور انتھک محنت کی ایسی داستان پیش کی گئی ہے جو پاکستان کی سائنسی تاریخ کے اہم مراحل اور قومی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ڈاکیومنٹری میں پاکستان کے سائنسی سفر کے تاریخی سنگ میل، نامور سائنس دانوں کی خدمات اور مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ محدود وسائل اور مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستان نے جوہری ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور دیگر سائنسی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔فلم میں خاص طور پر جوہری ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو نمایاں کیا گیا ہے اور اس عزم کو اجاگر کیا گیا ہے کہ تحقیق، علم اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قومی ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔
ڈاکیومنٹری میں پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی خلا میں روانگی کو بھی اہمیت دی گئی ہے، جو ’’شین ژو 24‘‘ مشن کے ذریعے خلا میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔’’ستاروں سے آگے‘‘ میں پاکستانی قوم کے سائنسی عزم، نوجوان نسل کی صلاحیتوں اور مستقبل میں تحقیق و ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید آگے بڑھنے کی امید کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔