اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے بیوی کی جائیداد جعلسازی سے تحفہ کے طور پر لینے والے شوہر کی اپیل خارج کر دی۔سپریم کورٹ نے پلاٹ بیوی کو دینے کے فیصلوں کو درست قرار دے دیا۔ عدالت نے بیوی کے نام سے شوہر کے نام انتقال کو کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے بیوی کو گھر کی مالک تسلیم کر لیا۔عدالت نے شوہر کو 30 دن کے اندر اہلیہ کو 5 لاکھ روپے کا ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ صلح کی قیمت کے طور پر بیوی سے لیا گیا مکان ہبہ نہیں بلکہ ایک سودا یا تاوان ہے۔ زیر جائزہ ہبہ نامہ یکطرفہ دستاویز تھا۔ ہبہ پر گواہان کے دستخط کی جگہ خالی تھی۔ ہبہ کی قبولیت کا کوئی اندراج موجود نہیں تھا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ خاوند نے نہ تو قبولیت کا وقت، جگہ یا گواہ ثابت کیے اور نہ ہی گھر پر قبضہ۔ شوہر کے مطابق بیوی بے نامی دار تھی۔ بے نامی اور ہبہ دونوں باہم متضاد اور ناقابل قبول ہیں۔ شوہر کا بچوں کے نام مکان منتقل اور بچوں کو تسلیم سے انکار افسوس ناک ہے۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ موجودہ مقدمہ بازی 28 سال سے زائد عرصہ چلی ہے۔ فریقین کے بچوں اور کیس کے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مثالی ہرجانہ عائد کیا گیا۔11 مئی 1983 کو بیوی کے نام پلاٹ خریدا گیا تھا۔ 21 اپریل 1994 کو مکان ہبہ کرتے ہوئے شوہر کے نام منتقلی ہوئی۔ اہلیہ کا موقف تھا کہ شوہر نے مکان پر بینک قرضہ واپسی کے لیے خالی اسٹامپ پر دستخط کروائے تھے۔