نواز شریف کا کردار ناقابلِ فراموش ، 25 نومبر بھی 28 ،10 مئی کی طرح تاریخی دن بن گیا
سانگلہ ہل (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی نائب صدر، سابق گورنر اور سابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ 25 نومبر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں نواز شریف کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، 25 نومبر بھی 28 مئی اور 10 مئی کی طرح تاریخی دن بن گیا۔پاک چین دوستی اور باہمی اشتراک سے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تاریخی پیش رفت نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاکستان نے دنیا کو اپنی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کا بھرپور احساس دلایا ہے۔ ایٹمی دھماکوں سے لے کر خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت تک میاں محمد نواز
شریف کا کردار ملکی تاریخ میں نمایاں اور ناقابلِ فراموش ہے۔یہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اعتماد، خودداری اور ترقی کے نئے عزم کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ میرا لیڈر میاں محمد نواز شریف ہے اور ان سے محبت کرنے والوں کو کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ان کی صاحبزادی ہیں اور ہماری دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔ آج پاکستان اور چین کی لازوال دوستی نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو مثبت پیغام دیا ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں یہ پیش رفت محض ایک مشن کی کامیابی نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانی عوام کے لیے باعثِ فخر لمحہ اور آنے والی نسلوں کے لیے امید، حوصلے اور ترقی کی روشن علامت ہے۔