اڈیالہ جیل کے باہر 10 گھنٹے احتجاج ، دھرنا

 اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت کسی بھی پی ٹی آئی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ ملی 
راولپنڈی ،اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی کی ملاقات نہ ہو سکی۔ علیمہ خان و کارکنوں کا دس گھنٹے سے زائد دھرنا جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا۔ پولیس کیساتھ عمران کی بہنوں کے مذاکرات کے تین ادوار ہوئے۔ مذاکراتی عمل میں علامہ ناصر عباس ، شاہد خٹک ، خالد یوسف ، نعیم پنجوتھا شریک رہے۔مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد علیمہ خان اور دیگر قیادت واپس لوٹ گئی۔قبل ازیں اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت کسی بھی پی ٹی آئی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر علیمہ اور کارکنوں ، رہنمائوں نے احتجاج کیا اور اڈیالہ روڈ پر دھرنا دے دیا، بڑی تعداد میں کارکن جمع ہوگئے ، شدید نعرے بازی کی۔ اڈیالہ روڈ مکمل بند ہوگیا۔ بتایا گیا ہے پولیس نے عمران خان کی بہن اور کارکنوں کو گورکھ پور سے آگے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور مظاہرین کو سڑک کے بائیں جانب پلاٹ میں جانے کی ہدایت کردی۔ اس دوران عمران خان کی دوسری بہنیں بھی پہنچ گئیں ، اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ اب بھی قبول نہیں کیا جا رہا ، اگر یہی سلسلہ رہا تو ہم کسی اور لائن کی طرف جانے کا سوچیں گے۔ہمیں پتا ہوتا ہمارا مینڈیٹ اب بھی قبول نہیں کیا جاتا تو ہم ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیتے، ضمنی انتخابات میں ہم اپنی ہری پور سیٹ کا دفاع نہیں کرسکے۔خیبرپختونخوا اور ہر جگہ کسی اور کا سکہ چل رہا ہے یہ ظلم ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا جب تک ملاقات نہیں کرائی جاتی ہم یہیں بیٹھے رہیں گے،بانی کو قید تنہائی میں رکھ کر یہ ظلم کر رہے ہیں،یہ غیر قانونی و آئینی ہے ،اس وقت جنگل کا قانون ہے،انکو ڈرنا چاہئے کہ اگر یہ آئین وقانون کے مطابق نہ چلے توپاکستان جنگل کا قانون بن جائے گا۔جو لوگ کہہ رہے ہیں ہم ڈرامہ کر رہے ہیں تو ٹھیک ہے،اتنی پولیس ڈرامے کے لیے یہاں موجود ہے ؟،گزشتہ منگل کو پولیس لیڈیز اہلکاروں نے میری بہن کو سڑک پر کیوں گھسیٹا ،یہ گلو بٹنیاں ہیں،غیر قانونی احکامات پر عمل کررہی ہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے بائیکاٹ پر پارٹی میں مشاورت کریں گے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پیش ہونے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ہری پور انتخابات کے حوالے سے وائٹ پیپر جلد جاری کریں گے۔ ہم قانون کی روح ٹٹولتے رہیں گے۔