وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے کے سلسلے میں بحرین کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی بحرین جائے گا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، حکام اور افسران شامل ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور بحرین کے نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
یہ سرکاری دورہ بحرین اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی اور تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔اس دورے سے روایتی گرمجوشی اور خوشگوار تعلقات کو تقویت ملے گی، نئی شراکت داری کے امکانات پیدا ہوں گے، اور عوام سے عوام کے روابط کو مزید گہرا کیا جائے گا، جس سے باہمی مفادات کے تحت تعاون کو فروغ ملے گا۔