ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

 ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی رہنے کا امکان ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے بھی صبح اور رات کے اوقات میں دھند کے غلبہ میں رہیں گے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران شمالی علاقوں میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ متوقع ہے۔ اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دسمبر کے مہینے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران صوبے میں داخل ہوگا۔

 اس سلسلے کی بارشیں وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ بعض مقامات پر تیز گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے، اور بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔